Dawn News Television

شائع 12 فروری 2016 03:43pm

شاہ رخ کا 'منت' کیلئے 2 لاکھ روپے جرمانہ

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے گزشتہ سال ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں واقع اپنے بنگلے 'منت' کے باہر وین پارکنگ کے لیے قائم کی گئی غیر قانونی چڑھائی کے لیے تقریباً 2 لاکھ روپے جرمانہ ادا کیا تھا.

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق معلومات تک رسائی کے حق کے تحت انیل گلگلی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ شاہ رخ نے غیر قانونی چڑھائی کی وجہ سے جرمانہ ادا کیا تھا.

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے گھر کے باہر بنائی گئی اس چڑھائی سے مقامی افراد کو کافی دشواری کا سامنا تھا جس کے بعد باندرا میونسپل کارپوریشن نے اسے گزشتہ سال مسمار کردیا۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کی 'منت' پر میونسپلٹی کی کارروائی

اسی حوالے سے انیل گلگلی نے میونسپل کارپوریشن سے غیر قانونی چڑھائی کو مسمار کیے جانے اور کسی قسم کے جرمانے کی ادائیگی کے حوالے سے معلومات طلب کیں.

جس کے جواب میں باندرا میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ انجینئر نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان نے گزشتہ سال اس مسئلے کو ختم کرنے کے لیے تقریباً 2 لاکھ روپے (1,93,784 روپے) کا جرمانہ ادا کیا تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments