Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016 06:42pm

مسلسل 100 ٹیسٹ کھیلنے کا ریکارڈ

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے کپتان اور جارحانہ بلے باز برینڈن میک کولم نے لگاتار 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

جمعے سے ویلنگٹن میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں برینڈن میک کولم میدان میں اترے تو یہ ناصرف ان کے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ میچ تھا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ ڈیبیو سے لگاتار 100 ٹیسٹ کھیلنے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے بلے باز ہیں۔

کرکٹ کی تاریخ میں صرف چار ایسے کھلاڑی گزرے ہیں جنہوں نے لگاتار 100 سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلے ہوں لیکن ان میں برینڈن میک کولم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو ڈیبیو سے 100ویں ٹیسٹ میچ تک نہ تو کسی میچ میں انجری کا شکار ہوئے اور نہ ہی انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا آج تک نہیں ہوا کہ کسی کھلاڑی نے ڈیبیو سے 100ویں ٹیسٹ تک مستقل ٹیم کی نمائندگی کی ہو۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں لگاتار سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز ایلن بارڈر کو حاصل ہے جنہوں نے 1979 سے 1994 تک 153 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

اس کے بعد دوسرا نمبر انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان ایلسٹر کک کا ہے جنہوں نے 2006 سے 2016 تک لگاتار 1024 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

فہرست میں تیسرے نمبر 107 ٹیسٹ میچ کے ساتھ مارک وا جبکہ چوتھے نمبر پر 106 ٹیسٹ میچوں کے ساتھ سابق عظیم ہندوستانی بلے باز سنیل گواسکر موجود ہیں۔

Read Comments