Dawn News Television

شائع 12 فروری 2016 06:15pm

دبئی کے اندر ایک بڑے گنبد دار شہر کا منصوبہ

دبئی تیزی سے ترقی کے منازل طے کررہا ہے اور یہاں لگتا ہے کہ سب کچھ بڑا ہے بہت بڑا۔

اور دنیا کی سب سے بڑی عمارت کا گھر ہونے کے ساتھ ساتھ اب وہ مال آف دی ورلڈ کے نام سے دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ سینٹر کا مرکز بننے کی بھی تیاری کررہا ہے۔

دبئی ہولڈنگ نامی کمپنی کے مطابق یہ شاپنگ سینٹر نہ صرف شیشے کے گنبد اور موسمیاتی کنٹرول جیسی خوبیوں کا مالک ہوگا بلکہ اس میں سینکڑوں عمارات، ہزاروں ہوٹل کے کمرے اور اپنا مکمل طور پر فعال ٹرانزٹ سسٹم بھی ہوگا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ مال آف دی ورلڈ 2020 تک مکمل ہوگا اور یہ دنیا کا پہلا گنبد دار شہر ہوگا۔

دبئی ہولڈنگ کے مطابق منصوبہ بندی اور طریقہ کار پر پیشرفت اچھی ہورہی ہے اور یہ شہر نما مرکز دبئی کے قلب میں واقع ہوگا۔

اس شاپنگ سینٹر کا رقبہ 48 ملین اسکوائر فٹ ہوگا جس کے حصول کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

اس وقت دنیا کا سب سے بڑا شاپنگ سینٹر مال آف امریکا ہے جس کا کل رقبہ 5.6 ملین اسکوائر فٹ ہے۔

دبئی کے اس مرکز میں 33 شاہراﺅں کا نیٹ ورک اور 1.6 ملین اسکوائر فٹ طویل چلنے پھرنے کے راستے اور پلازہ ہوں گے اور ابھی ان میں موٹرسائیکل روٹس، بس لین اور دیگر کا ذکر شامل نہیں۔

دبئی ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ اس کے اندر دنیا کا سب سے بڑا انڈور تھیم پارک بھی موجود ہوگا اور توقع ہے کہ ایک تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے دیکھنے کے لیے سالانہ 180 ملین افراد آئیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments