Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2016 10:18pm

یونس خان کو پاکستان کپ کھیلنے کی پھر اجازت

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے مایہ ناز بلے باز یونس خان کی جانب سے شوکاز نوٹس کے جواب میں معذرت پر انہیں پاکستان کپ میں دوبارہ شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں یونس خان خیبر پختونخوا ٹیم کی قیادت کررہے تھے جہاں اپنے پہلے میچ میں حریف ٹیم اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق کو آؤٹ قرار نہیں دینے پر ناقص امپائرنگ کی نشاندہی کی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پنجاب کے خلاف دو رنز سے کامیابی کے باوجود اعتراض کیا تھا۔

میچ ریفری نے امپائرکی شکایت پر یونس خان کو نوٹس جاری کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جبکہ میچ ریفری نے انھیں میچ فیس کا 50 فی صد جرمانہ کردیا جس کے بعد وہ احتجاجاً ٹورنامنٹ چھوڑ کر کراچی واپس آگئے تھے۔

یونس خان نے بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے فون پر بات کی اور اپنے رویے پر معافی مانگی اور پاکستان کپ میں خیبرپختونخوا کی دوبارہ نمائندگی کرنے کی اجازت طلب کی تھی اور انہیں پاکستان کپ میں شرکت کی اجازت دی گئی لیکن اگلے ہی دن بورڈ نے مایہ ناز بلے باز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پاکستان کپ میں شرکت سے روک دیا تھا۔

تاہم بدھ کو شوکاز نوٹس کے جواب میں یونس نے اپنے عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی اور پی سی بی نے ان کی جانب سے غلطی کا اعتراف کرنے کے بعد پیش کی گئی صفائی کو تسلیم کر لیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ یونس نے کئی سالوں تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کی اور انہوں نے ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا تشخص اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا ہونا بڑی بدقسمتی ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ یونس نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اگر خیبرپختونخوا کی ٹیم پاکستان کپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوتی ہے تو یونس اپنی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments