Dawn News Television

شائع 28 اپريل 2016 01:53pm

'یہودمخالف'پوسٹ:مسلم رکن پارلیمان پارٹی سے معطل

لندن: برطانیہ کی لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 'یہود مخالف' مواد شئیر کرنے پر معطل کر دیا۔

مغربی بریڈفورڈ کی ایم پی ناز شاہ نے کہا کہ 2014 میں کی گئیں ان پوسٹ کے بارے میں انہیں بہت زیادہ پچھتاوا ہے، اور یہ پوسٹ اس وقت کی گئی جب وہ پارلیمان کی رکن نہیں تھیں۔

یاد رہے کہ ناز شاہ نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی جس میں امریکی نقشے کے ساتھ اسرائیل کا نقشہ ساتھ منسلک تھا اور نیچے درج تھا 'اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا حل، اسرائیل کو امریکا میں منتقل کردیا جائے'، اور ساتھ میں تبصرہ لکھا تھا کہ 'مسئلہ حل ہوگیا'۔

انہوں نے ہیش ٹیگ IsraelApartheid# استعمال کیا اور جس کے اوپر درج تھا کہ 'مت بھولو کہ ہٹلر نے جو کچھ جرمنی میں کیا وہ سب قانونی تھا'۔

لیبر پارٹی کے ترجمان نے اس بارے میں بتایا کہ پارٹی رہنما جیرمی کوربائن کے ہمراہ ناز شاہ نے متفقہ فیصلہ کیا کہ وہ انتطامی طور پر لیبر پارٹی سے معطل رہیں گی۔

جب تک اس معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں اس وقت تک وہ پارٹی کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گی، کوربائن نے ناز شاہ کے ان تبصروں کو 'ناگوار اور ناقابلِ قبول' قرار دیا، قبل ازیں اس تبصرے پر ان کو معطل نہیں کیا گیا تھا، جس کو وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 'غیر معمولی' قرار دیا تھا۔

ناز شاہ نے شیڈو چانسلر جون میکڈونل کی پارلیمانی معاون کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا جبکہ انہوں نے استعفے سے قبل پارلیمنٹ میں معافی مانگی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے الفاظ قبول کرتی ہوں، مجھے شدید افسوس ہے کہ یہودی برادری کو تکلیف پہنچی۔

کوربائن نے اس معاملے پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہود دشمنی' نسل پرستی ہے، اس سے آگے کوئی بات نہیں ہوگی'۔

کوربائن پر زور دیا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنے آپ کو بائیں بازو کے ان سرگرم افراد سے دور رکھیں جو یہودیت کے مخالف بات کرتے ہیں۔

یہ خبر 28 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments