Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2016 07:23pm

پیٹرسن کے بعد ڈیو پلیسی بھی آئی پی ایل سے باہر

جنوبی افریقی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز فاف ڈیو پلیسی انگلی ٹوٹنے کے سبب انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) سے باہر ہو گئے ہیں۔

آئی پی ایل میں رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی نمائندگی کرنے والے ڈیو پلیسی نے ٹوئٹر پر پیغام میں اپنے آئی پی ایل سے باہر ہونے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے میرا انڈین پریمیئر لیگ کا ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میری انگلی ٹوٹ گئی ہے جس کے سبب میں چھ ہفتوں کیلئے کرکٹ نہیں کھیل سکوں گا۔

جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی کپتان آئی پی ایل کے چھ میچوں میں 206 رنز بنا کر دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

ڈیو پلیسی کی انجری پونے کی ٹیم کیلئے کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں جو اس سے قبل سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن سے بھی محروم ہو چکی ہے جو پنڈلی کی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments