سندھ اسمبلی:نجی ٹی وی کی ٹیم اسلحےسمیت گرفتار
کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اُس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نجی نیوز چینل کے اینکرپرسن اپنی ٹیم کے ہمراہ پستول لے کر اسمبلی کے اندر پہنچ گئے۔
مذکورہ اینکر اور ان کی ٹیم کو بعدازاں گرفتار کرلیا گیا، جن کا مقصد اسمبلی کی سیکیورٹی کے انتظامات کو 'بے نقاب' کرنا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران اے آر وائی نیوز چینل کے پروگرام 'سرعام' کے میزبان اقرار الحسن اپنی ٹیم کے ایک شخص سے پستول برآمد کرکے اسمبلی اسٹاف کے حوالے کرتے ہیں، جسے اسپیکرآغا سراج درانی کے ڈیسک پر پہنچا دیا جاتا ہے، آغا سراج درانی نے پستول سے میگزین نکال کر دیکھا کہ اس میں گولیاں موجود ہیں، تاہم میگزین میں کوئی گولی موجود نہیں تھی۔
اس دوران ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اراکین استفسار کرتے ہیں کہ 'یہ کون شخص ہے'۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص اس طرح آسانی سے کیسے پستول لے کر اسمبلی میں داخل ہوسکتا ہے۔