Dawn News Television

شائع 29 اپريل 2016 11:51pm

پی سی بی، انگلینڈ میں پوائنٹس نظام کیلئے تیار

لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے سیریز کے نتائج کو پوائنٹس کی بنیاد پر ترتیب دینے کی تجویز پر حامی بھری ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ای سی بی نے یہ تجویز اس سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ کو دی تھی، سری لنکن ٹیم رواں سال مئی اور جون میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔

پاکستانی ٹیم جولائی سے ستمبر کے دوران انگلینڈ کے دورے میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ای سی بی کی تجویز کے مطابق ہر ٹیسٹ میچ کے لیے چار پوائنٹس اور مختصر طرز کرکٹ کے ہر میچ کےلیے دو پوائنٹس ملیں گے۔

واضح رہے ویمن ایشنر کے گزشتہ سال کے مقابلوں میں پوائنٹس کا نظام متعارف کیا گیا تھا جہاں آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے 10 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کامیابی کےلیے مجموعی طورپر 28 ممکنہ پوائنٹس ملیں گے لیکن جو ٹیم سیریز میں 4-0 سے کلین سوئپ کرے گی اس کو 16 پوائنٹس ملیں گے جو سیریز کی کامیابی کے لیے نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ' پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہمارے اس اصول کی تجوہز پر رضامندی موصول ہوئی ہے'۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اس تجویز پر ملاجلا ردعمل دیا ہے۔

انگلینڈ ٹیم کے نوجوان بلے باز جو روٹ کا کہنا ہے کہ 'جیسا بھی اس نظام سے مقابلے کے رجحان کو مزید تقویت ملے گی اور ہوسکتا ہے اس طرح تینوں طرز مزید اہم ہوجائیں'۔

آل راؤنڈر بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ 'میرے خیال یہ فضول ہے، انھوں نے بہت ساری چیزیں تبدیل کی ہیں لیکن ایشنر لاگ سیریز ہے جو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان بڑا مقابلہ ہوتا ہے جبکہ میری سمجھ میں نہیں آرہاہے کہ اس کو کیوں تبدیل کیا جانا چاہیے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments