Dawn News Television

شائع 30 اپريل 2016 06:01pm

فیس بک کو اسنیپ چیٹ کے ہاتھوں شکست

10 ارب کا ہندسہ بہت بڑا ہوتا ہے اور اس صورت میں تو خاص طور پر جب فیس بک کو اس کے سب سے زیادہ پسندیدہ شعبے میں شکست کی صورت میں سامنے آئے۔

جی ہاں اسنیپ چیٹ کے صارفین روزانہ 10 ارب ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور اس طرح وہ فیس بک کو اس شعبے میں شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسنیپ چیٹ کے متحرک صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے کچھ زیادہ ہے تاہم ویڈیوز دیکھنے کے معاملے میں انہوں نے ایک ارب سے زائد فیس بک صارفین کو شکست دے دی ہے۔

فیس بک کو اس وقت صارفین کی ذاتی شیئرنگ میں کمی کا سامنا ہے چاہے وہ کوئی بھی چیز ہو یعنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس، فوٹوز، نوٹس وغیرہ۔

اور ہاں فیس بک اس ایپ یعنی اسنیپ چیٹ کو اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کرتی ہے جس کی وجہ گزشتہ ایک برس میں اس کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہے۔

ایک سال کے اندر اس کے صارفین کی جانب سے روزانہ ویڈیوز دیکھنے کی تعداد 2 ارب سے بڑھ کر 10 ارب تک جاپہنچی ہے جبکہ فیس بک نے آخری بار نومبر میں بتایا تھا کہ اس کے صارفین روزانہ 8 ارب ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔

اسنیپ چیٹ کے رنگارنگ فلٹرز کا فیچر ایسا ہے جو فیس بک خود بھی چاہتی ہے اور جو لوگ اس ایپ کو استعمال نہیں کرتے انہوں نے بھی ان فلٹرز کو دیکھا ضرور ہوگا۔

اسی طرح شیئر ہونے والی تصاویر غائب ہوجانے کے فیچر کے لیے بھی فیس بک نے کئی ایپس متعارف کرائیں تاہم اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں کمی نہیں آسکی۔

خیال رہے کہ 2013 میں مارک زکربرگ نے اسنیپ چیٹ کو 3 ارب ڈالرز کے عوض خریدنے کی کوشش کی تھی تاہم کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments