Dawn News Television

شائع 03 مئ 2016 10:51pm

گوگل کروم سب سے مقبول براؤزر بن گیا

گوگل کروم نے آخر کار انٹرنیٹ ایکسپلورر سے مقبول ترین ویب براﺅزر کا اعزاز چھین لیا اور اس طرح مائیکروسافٹ کے پروگرام کی 18 سالہ حکمرانی کا اختتام ہوگیا۔

انٹرنیٹ اعدادوشمار فراہم کرنے والی کمپنی نیٹ مارکیٹ شیئر کے مطابق کروم نے گزشتہ ماہ (اپریل) میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

اپریل کے دوران ڈیسک ٹاپ براﺅزنگ کرنے والے 41.7 فیصد صارفین نے گوگل کروم جبکہ 41.3 فیصد نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو استعمال کیا۔

انٹرنیٹ ایکسپلورر کی مقبولیت کافی عرصے سے تنزلی کا شکار تھی اور اسے حریف براﺅزر جیسے کروم اور فائر فوکس سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

تاہم ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا ڈیفالٹ ویب براﺅزر ہونا 18 سال تک اس کی بالادستی قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوا۔

اس براﺅزر کو 1998 سے مقبول ترین کا اعزاز حاصل تھا۔

فائر فوکس 2002 اور کروم 2008 میں سامنے آئے تھے جن پر سرفنگ تیز اور استعمال میں آسان تھے جبکہ ٹیبز اور ایکسٹینشز جیسے فیچرز بھی ان کا حصہ تھے اور یہی لوگوں کو بھاگئے۔

گزشتہ سال گوگل کروم استعمال کرنے والوں کی تعداد 25.7 فیصد تھی جو اب 41.7 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ مائیکروسافٹ کے براﺅزر کے صارفین 55.8 فیصد سے کم ہوکر 41.3 فیصد پر پہنچ گئے۔

دس فیصد صارفین فائرفوکس کو استعمال کرتے ہیں۔

یہ اعدادوشمار ڈیسک ٹاپ براﺅزنگ ہے جن میں اسمارٹ فونز یا ٹیبلیٹس شامل نہیں جہاں ایپل کے سفاری کو بالادستی حاصل ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments