Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 مئ 2016 09:12pm

جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی کے لیے تیار

معروف ریسلنگ اسٹار جان سینا کئی ماہ سے کندھے کی انجری کے باعث ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور تھے مگر اب انہوں نے واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں جان سینا نے ریسلنگ رنگ میں واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا۔

ویسے پہلے کہا جارہا تھا کہ جان سینا کی واپسی جولائی سے قبل ممکن نہیں ہوسکے گی تاہم یہ ریسلنگ اسٹار بہت جلد انجری پر قابو پاکر واپس آنے کی شہرت رکھتے ہیں۔

رائل رمبل سے قبل یعنی دسمبر کے آخر میں زخمی ہوکر باہر ہونے والے جان سینا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ سرجری سے ریکوری کے لیے 9 ماہ کا وقت دیا گیا تھا مگر اب میں تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ میموریل ڈے (30 مئی) کو را میں شرکت کریں گے یعنی سرجری کے 5 ماہ بعد۔

15 بار ورلڈ چیمپئن رہنے والے جان سینا واپس آکر کس ریسلر کے لیے چیلنج بنتے ہیں اس بارے میں ابھی کچھ کہنا تو مشکل ہے تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای کی خواہش ہے کہ ایونٹ سمر سلیم میں رومن رینز اور جان سینا کے درمیان ٹائٹل میچ ہو۔

رومن رینز نے ریسل مینیا 32 میں کامیابی کے بعد ایک انٹرویو مین جان سینا سے میچ کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

کچھ مبصرین کے خیال میں جان سینا ایک بار پھر یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ بیلٹ کے حصول کے لیے سرگرم ہوں گے جو 2015 میں ان کے قبضے میں رہی۔

اس دوران ہر پیر کو را میں ٹائٹل کا چیلنج دیتے تھے جس کے دوران انہوں نے متعدد ریسلرز کو شکست بھی دی۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا 33 میں جان سینا اور انڈر ٹیکر کے درمیان مقابلے کی بھی خواہشمند ہے جو کہ ممکنہ طور پر اس ایونٹ کا سب سے بڑا میچ ہوگا جو رواں برس ہی ہونا تھا تاہم سینا کے زخمی ہونے کے باعث ایسا نہ ہوسکا۔

ریسل مینیا 33 میں لیجنڈ بمقابلہ لیجنڈ نامی اس میچ کا انحصار بھی اب انڈر ٹیکر کے اوپر ہے جو رپورٹس کے مطابق ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور اب واپسی کے خواہشمند نہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments