Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 مئ 2016 01:59pm

'کامیاب بولی وڈ اداکار سب سے بور لوگ ہیں'

ممبئی: فلموں کے ساتھ ساتھ تھیٹر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھانے والے بولی وڈ اسٹار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھی اداکاروں کو بھی اس پر عمل کرنا چاہیے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ اداکاروں کو بڑی اسکرین کے علاوہ بھی کچھ شوق اپنانے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ بولی وڈ کے کچھ بڑے اداکار اپنے علاوہ کسی موضوع پر بات ہی نہیں کرسکتے۔

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا، 'میرا خیال ہے کہ اداکاروں کے فلموں کے علاوہ بھی کچھ شوق ہونے چاہئیں، چاہے یہ تھیٹر ہو، گھڑ سواری ہو، کوہ پیمائی ہو یا کچھ بھی، دوسری صورت میں آپ بہت الگ تھلگ ہوجائیں گے، آپ ایک ایسی مخلوق بن جائیں گے جو انڈسٹری کا ایک اسٹار تو ہے لیکن آپ ان سے 2 سیکنڈ کے لیے بھی ان کی ذات سے ہٹ کر کسی موضوع پر بات نہیں کر سکتے'۔

مزید پڑھیں:نصیرالدین شاہ کے دلچسپ انکشافات

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اداکار جو اور کوئی مشغلہ یا شوق نہیں رکھتے، وہ ایسے ہوجائیں گے کہ 'آپ ان سے ساری رات بات کریں وہ آپ کو سنیں گے، لیکن اگر آپ ان سے کسی اور بارے میں بات کریں جو ان کے ذہن پر بھاری پڑے تو وہ بات چیت ختم کردیں گے۔ میرے خیال میں یہ بہت شرم کی بات ہے کہ ہمارے بہت سے بڑے اداکار بھی ذہنی طور پر اس طرح کے ہیں۔'

نصیر الدین شاہ نے اعتراف کیا کہ انڈسٹری میں بہت زیادہ عرصے سے موجود ہونے کے باوجود بھی ان کے بہت سارے دوست نہیں ہیں، لیکن ان کے چند دوست وہ ہیں، جو فیلڈ کے علاوہ بھی کچھ شوق رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا، 'میں جن عظیم اداکاروں سے ملا ہوں، وہ وہ ہیں جن کے دیگر شوق بھی ہیں۔'

یہ بھی پڑھیں:میرا قصور صرف مسلمان ہونا، نصیر الدین شاہ

واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ کے بیٹے عماد اور وائیوان بھی بولی وڈ میں انٹری کی کوشش کر رہے ہیں اور اب جبکہ انھیں ان کے والد کی حمایت بھی حاصل ہے، شاہ کو امید ہے کہ وہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر شوق بھی اپنائیں گے۔

نصیر الدین شاہ کا مزید کہنا تھا، 'میری خواہش ہے کہ وہ بولی وڈ میں مزید کامیابی حاصل کریں، لیکن میں چاہتا ہوں کہ ان کے خواب بس یہیں پر ختم نہ ہوں، میں چاہتا ہوں کہ وہ ایک کامیاب بولی وڈ اداکار بننے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے لیے کچھ اور بامعنی کام بھی تلاش کریں'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'کامیاب بولی وڈ اداکار زمین پر سب سے بور لوگ ہیں'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments