پاکستان

’سرحدوں کے دفاع کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے‘

ہندوستان کی خطے میں ایٹمی سرگرمیوں پر پابندی کی قرارداد جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے، سرتاج عزیز
|

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیزنے کہا ہے کہ ہندوستان ہتھیاروں کی دوڑ کے ذریعے خطے کو نیوکلرائز کرنا چاہتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت میں سینیٹ کے اجلاس میں ہندوستان کی جانب سے انٹرسیپٹو میزائل کے تجربے پر پیش کی جانے والی تحریک التواء پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ امن کی خواہش کو پاکستان کی کمزوری نہ سمجھا جائے، ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پڑوسیوں سے تعلقات میں 'بڑی تبدیلیوں' کی ضرورت ہے: سرتاج عزیز

انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر نیوکلیئر سپلائی گروپ کے تمام ممالک کو ہندوستانی عزائم سے آگاہ کیا ہے اور ہندوستان کی خطے میں ایٹمی سرگرمیوں پر پابندی کی قرارداد جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ ہندوستان کو نیوکلیئر گروپ کا رکن بنانے کے لیے کوئی رعایت نہیں دی جاسکتی۔

دوسری جانب بجٹ پر بحث میں اپوزیشن ارکان سینیٹ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرتاج عزیز اور ششما سوراج کی مختصر ملاقاتیں

ان کے مطابق حکومت کے رویے سے وفاق کا وجود خطرے میں پڑسکتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان میں صرف ایک ہی صوبہ پنجاب ہے۔

اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کونسل کے لیے مختص ایس سو ملین روپے کا بجٹ قومی کمیشن برائے تحفظ نسواں کو دے دیا جائے ۔

ادھر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم 20 فیصد اضافے کی سفارش کردی۔

مزید جانیں: ہندوستان کی شرائط پر مذاکرات نہیں کریں گے، سرتاج عزیز

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں دس، دس فیصد اضافہ کم ہے، بیس فیصد اضافہ ہونا چاہیے جس پر کمیٹی نے کم ازکم تنخواہوں اور پنشن میں بیس،بیس فیصد اضافے کی سفارش کردی۔

تاہم پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشن میں پندرہ فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔

کمیٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت مغربی روٹ کیلئے پی ایس ڈی پی میں زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی بھی سفارش کردی۔

کمیٹی نے ملک میں سولر انرجی کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات ،فاٹا یونیورسٹی کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 25 کروڑ سے 1 ارب تک فنڈز بڑھانے اورزرعی ان پٹ پر جی ایس ٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے ۔

چیئرمین ایف بی آر نثار خان کا کہنا تھا کہ جی ایس ٹی ایک فیصد کم کرنے سے ریونیو میں 70 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔