Dawn News Television

شائع 27 جون 2016 04:55pm

400 روپے کا اسمارٹ فون خریدنا پسند کریں گے؟

ویسے تو سن کر یقین کرنا مشکل ہے مگر 400 پاکستانی روپے کا اسمارٹ فون خریدنا پسند کریں گے؟

جی ہاں انڈین کمپنی رنگنگ بیلز نے فروری میں فریڈم 251 کے نام سے دنیا کا سستا ترین اسمارٹ فون متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا جس کی قیمت 251 انڈین روپے (4 ڈالر یا 400 پاکستانی روپے) تھی جس کے بعد 73.5 ملین افراد نے کمپنی کی ویب سائٹ پر ڈیوائس کی بکنگ کرالی تھی۔

تاہم صارفین کو موبائل فون نہ ملنے پر کمپنی کے خلاف فراڈ اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے تحت مقدمات درج ہوگئے تھے تاہم اب لگتا ہے کہ یہ ڈیوائس سامنے آنے کے لیے تیار ہے۔

رنگنگ بیلز کے منیجنگ ڈائریکٹر موہت گوئیل نے کہا ہے کہ ہم تحقیقاتی اداروں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں، ہم لوگوں کو فریڈم 251 سمیت ہر طرح کے سستے اسمارٹ فونز فراہم کرکے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی 30 جون سے فریڈم 251 فونز کو صارفین تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کرنے لگی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور اب اپنی ڈیوائس کے باہر آنے تک خاموش رہنے کا فیصلہ کیا ہے، اب ہمارا 4 انچ اسکرین، ڈوئیل سم فون ڈیلیوری کے لیے تیار ہے۔

موہت گوئیل کا کہنا تھا کہ کمپنی کو فون کے ہر سیٹ پر خسارہ ہوگا مگر ہمارا مقصد دیہی اور غریب افراد کو ڈیجیٹل دنیا تک رسائی دینا ہے۔

اس فون کے فیچرز بھی اب سامنے آگئی ہیں جن میں 8 میگا پکسلز ہائیر ریزولوشن بیک کیمرہ اور 3.2 میگا پکسلز فرنٹ کیمرہ، 1800 ایم اے ایچ بیٹری، 4 انچ اسکرین، 1.3 گیگا ہرٹز کواڈ کور پروسیسر، ایک جی بی ریم اور 8 جی بی انٹرنل اسٹوریج قابل ذکر ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جون کے اختتام تک ڈھائی لاکھ افراد کے آرڈرز کو پورا کردیا جائے گا جبکہ اس کے بعد ہر ماہ 2 لاکھ فونز لوگوں تک پہنچائے جائیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فون کے فیچرز 9 سال پہلے متعارف کرائے جانے والے سب سے پہلے آئی فون سے بہتر ہیں جس کی قیمت 599 ڈالرز (62 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments