Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جون 2016 12:10pm

فیس بک فوٹوز اب بن جائیں گی ویڈیوز

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک چاہتی ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ ویڈیوز شیئر کریں یہاں تک کہ وہ خود ہی ویڈیوز آپ کو بنا کر دینے کے لیے بھی تیار ہے۔

جی ہاں فیس بک نے ایک نیا فیچر سلائیڈ شو متعارف کرایا ہے جس میں آپ کے موبائل فون کی تصاویر اور ویڈیوز کو ایک مختصر کلپ کی شکل میں ڈھال کر انہیں مختلف تھیمز اور میوزک سے سجایا جاتا ہے۔

یہ کام فیس بک خود کرتی ہے اور اس کے لیے سوشل نیٹ ورک نے اپنی فوٹو شیئرنگ ایپ مومنٹس کا فیچر اپنی مرکزی ایپ میں متعارف کرایا ہے۔

یہ فیچر آپ کے فون کی فوٹوز اور ویڈیو لائبریری سے سنک (sync) ہوجاتا ہے اور جب آپ 5 یا اس سے زائد تصاویر یا ویڈیوز 24 گھنٹے میں لیتے ہیں تو یہ ان کو ایک مختصر فلم کی شکل میں بدل دیتا ہے۔

جیسا کہ پہلے بتایا جاچکا ہے کہ یہ فیچر سب سے پہلے فیس بک کی ایپ مومنٹس میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہ ایئر اِن ریویو (Year In Review ) فیچر کو مد نظر رکھ کر تیار کیا گیا جس میں سال بھر میں شیئر کی جانے والی پوسٹس کو لے کر مختصر فلم تیار کی جاتی تھی۔

مومنٹس کو فیس بک ایپ میں لانے کا مقصد اس سوشل نیٹ ورک سائٹ کو ویڈیوز کے حوالے سے مزید آگے لانا ہے جس کا اظہار فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کئی بار کرچکے ہیں۔

یہ فیچر فی الحال آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور توقع ہے کہ جلد اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی پیش کردیا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments