Dawn News Television

شائع 04 جولائ 2016 05:55pm

وزن گھٹانے کا یہ چینی طریقہ جانتے ہیں؟

بیجنگ: کم وقت اور بغیر محنت کے وزن گھٹانا ہر فربہ انسان کی خواہش ہوتی ہے اور اس مقصد کیلئے وہ بہت سے طریقے بھی اپناتا ہے۔

لیکن جو طریقہ ہم آج آپ کو بتانے جارہے ہیں وہ آپ نے کبھی سنا ہوگا نہ دیکھا ہوگا۔

ویب سائٹ آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق چین میں ایک 54 سالہ شخص اس طریقے کو استعمال کرتا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے 30 کلو وزن بھی کم کیا ہے۔

تو جناب یہ طریقہ ہے 'سر پر پتھر رکھ کر چلنا'، آپ کو شائد یہ طریقہ مشکل لگے لیکن چین کے صوبہ جیلن سے تعلق رکھنے والے کونگ یان کی لیے تو یہ روز کا معمول ہے۔

کانگ یان روزانہ صبح سر پر 40 کلو گرام وزری پتھر رکھ کر چہل قدمی پر نکلتے ہیں، ان کا یہ طرز عمل وزن کم کرنے کی کوشش میں صبح سویرے نکلنے والے کئی افراد کیلئے حیرت کا باعث بھی ہوتا ہے۔

یہ سلسلہ 3 سال پہلے شروع ہوا جب کانگ کو احساس ہوا کہ ان کا جسم اب زیادہ پھولتا جارہا ہے، ان کا وزن 115 کلو گرام تک جا پہنچا تھا۔

پھر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ وزن گھٹانے کی کوشش کریں گے، وہ دوائیں نہیں کھانا چاہتے تھے اس لیے ایکسرسائز کے ذریعے وزن کم کرنے کی کوشش کرنے لگے۔

پہلے انہوں نے 15 کلو وزنی پتھر اپنے سر پر رکھا اور جتنی دور ممکن ہو چلنے کی کوشش کی، کچھ دنوں بعد انہوں نے پتھر کا وزن 30 کلو اور پھر 40 کلو کردیا۔

کانگ کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے وہ اب تک اپنا 30 کلو گرام وزن کم کرچکے ہیں اور اب وہ چاہتے ہیں کہ اپنے اس انوکھے طریقے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرائیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments