Dawn News Television

شائع 23 جولائ 2016 10:27pm

قندیل بلوچ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاﺅنٹس ختم

سوشل میڈیا سے پاکستان بھر میں شہرت حاصل کرنے والی قندیل بلوچ کے اپنے بھائی کے ہاتھوں مبینہ طور پر غیرت کے نام قتل کو اب لگ بھگ ایک ہفتہ ہوچکا ہے اور اس جرم کے حوالے سے مختلف انکشافات بھی ہورہے ہیں۔

مگر اسی دوران سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے قندیل بلوچ کا آفیشل پیج بھی ڈیلیٹ یا ختم کردیا ہے۔

جی ہاں فیس بک نے قندیل بلوچ کا پیج شٹ ڈاﺅن کردیا ہے۔

قندیل بلوچ کے فیس بک پیج کے فالورز کی تعداد 7 لاکھ سے زیادہ تھی۔

نہ صرف فیس بک بلکہ انسٹاگرام (فیس بک کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ) میں بھی قندیل بلوچ کا اکاﺅنٹ ختم کردیا گیا ہے۔

فیس بک کی مرحوم فرد کے حوالے سے پالیسی یہ ہے کہ اگر فین پیج کا ایک سے زیادہ ایڈمسٹریٹر نہ ہو تو اسے بلاک کردیا جاتا ہے۔

اور اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ قندیل بلوچ اپنے پیج کی واحد ایڈمنسٹریٹر تھیں جس کے نتیجے میں فیس بک نے ان کا پیج اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔

انسٹاگرام میں بھی لگ بھگ یہی پالیسی ہے یعنی کسی مرحوم فرد کا اکاﺅنٹ اسی صورت میں بحال رکھا جاتا ہے جب کوئی ٹھوس درخواست موصول ہو ورنہ موت کی تصدیق ہونے کی صورت میں اکاﺅنٹ کو ختم کردیا ہے۔

اب فیس بک پر قندیل بلوچ کا پیج اوپن کرنے کی کوشش کریں تو یہ میسج سامنے آتا ہے۔

اسکرین شاٹ

اسی طرح انسٹاگرام پر یہ پیغام سامنے آتا ہے۔

اسکرین شاٹ

تاہم قندیل بلوچ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اب بھی کام کررہا ہے۔

خیال رہے کہ قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا جنہیں پاکستان میں 2014 میں اُس وقت شہرت ملی جب ان کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، جس میں وہ سوال کرتی ہوئی نظر آئیں،'میں کیسی لگ رہی ہوں؟'

مزید پڑھیں : قندیل بلوچ تھیں کون؟

اس کے بعد انھوں نے ’قندیل بلوچ آفیشل‘ کے نام سے اپنے فیس بک پیج پر کئی متنازع ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن پر تنقید بھی کی گئی جبکہ ان کے مداح ان تصاویر اور ویڈیوز کو ماڈل کی آزادی قرار دیتے تھے۔

Read Comments