Dawn News Television

شائع 25 جولائ 2016 09:50am

کچھ پلگز میں 3 پرانگز کیوں ہوتے ہیں؟

آپ کمپیوٹر یا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوں گے مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ لیپ ٹاپ یا فون کے کچھ چارجرز کے پلگ میں 2 جبکہ کچھ میں 3 پرانگ ہوتے ہیں؟

کبھی آپ کو خیال آیا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟

اگر نہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ یہ دراصل مکمل طور پر تحفظ کے نقطہ نظر سے بنائے جاتے ہیں۔

بجلی کی لہر ایک سرکٹ میں کام کرتی ہے اور اگر کسی پلگ میں تین پرانگ ہوں تو وہ برقی مصنوعات کے چیسس سے منسلک ہوتا ہے۔

درحقیقت پلگ کا ایک پرانگ گرم سلاٹ ہوتا ہے، دوسرا نیوٹرل جبکہ تیسرا بجلی کی طاقت کو کنٹرول کرنے کا کام کرتا ہے۔

وہ گھریلو مصنوعات جو 110 یا 220 واٹ بجلی استعمال کرتی ہیں، اگر انھیں اچانک بجلی کا زیادہ وولٹیج ملے، تو آگ لگنے یا ان کے جلنے کا ڈر ہوتا ہے اور ان حالات میں یہ تیسرا پرانگ تحفظ فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح نیوٹرل پرانگ، ہاٹ پرانگ کے ساتھ بجلی کا چکر مکمل کرتا ہے، دوسری جانب تیسرا پرانگ سرکٹ سے عام طور پر منسلک نہیں ہوتا بلکہ ڈیوائس کے باہری کنڈیکٹو حصوں سے جڑا ہوتا ہے جو زمین سے لگے ہوں۔

عام حالات میں تو یہ غیر ضروری ہوتا ہے مگر پاکستان جیسے ملک میں جہاں بجلی کا وولٹیج کم یا زیادہ ہوتا رہتا ہے، وہاں یہ ضرور کام آتا ہے کیونکہ یہ نیوٹرل اور ہاٹ پرانگ کو ڈیوائس کے باہری حصوں سے جڑنے سے روکتا ہے اور اس طرح کرنٹ لگنے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

Read Comments