Dawn News Television

شائع 28 جولائ 2016 09:49pm

پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے آئرش ٹیم کا اعلان

ڈبلن: آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا جس میں زخمی نیل اوبرائن اور کریگ ینگ کی واپسی ہوئی ہے۔

آئرلینڈ کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز نیل اوبرائن پنڈلی کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جبکہ فاسٹ باؤلر کریگ ینگ کہنی کی انجری کے باعث افغانستان کے خلاف حال ہی میں منعقدہ سیریز میں شرکت نہیں کرپائے تھے۔

آئرلینڈ کی ٹیم میں آسٹریلیا کے خلاف 2014 میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے بوئڈ رینکن بھی شامل ہیں۔

آئرلینڈ نے 2007 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دی تھی، اس میچ میں نیل اوبرائن نے 72 رنز بنائے تھے۔

آئرلینڈ کے کوچ جان بریسویل کا کہنا تھا کہ 'یہ خوشی کی بات ہے کہ ہماری مضبوط ٹیم منتخب ہوگئی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'افغانستان کے خلاف سیریز میں نوجوان باؤلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ کریگ اور بوئد کی شمولیت سے ہماری قوت میں اضافہ ہوا ہے'۔

تجربہ کار اوبرائن کی ٹیم میں واپسی پر آئرش کوچ کا کہنا تھا کہ 'نیل ٹاپ آرڈر کو اپنے تجربے سے فائدہ پہنچائے گا کیونکہ گزشتہ میچوں میں بیٹنگ میں کچھ تجربے کئے گئے تھے جن میں سے کچھ کامیاب اور کچھ ناکام ہوئے'۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

سیریز کا پہلا ون ڈے 18 اگست اور دوسرا میچ 20 اگست کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔

آئرلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

ولیم پوٹرفیلڈ (کپتان)، جان اینڈرسن، پیٹرچیز، ایڈ جوئس، ٹم مورٹیگ، اینڈی مک برائن، بیری مک کارتھی، کیون اوبرائن، نیل اوبرائن، اسٹورٹ پونٹر، بوئد رینکن، پال اسٹرلنگ، گیری ولسن، کریگ ینگ

Read Comments