Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 اگست 2016 09:59pm

اکشے کے لیے رنویر نے بنائی مزاحیہ ویڈیو

بولی وڈ اداکار ایک دوسرے کی فلموں کی تشہیر میں آگے آگے ہی رہتے ہیں، اس کی ایک مثال سلمان خان ہیں جنہوں نے حال ہی میں اکشے کمار کی فلم کی تشہیر کے لیے مداحوں کو ایک ویڈیو پیغام دیا تھا، سلمان خان کے بعد رنویر سنگھ بھی ’رستم‘ کی تشہیر میں سر گرم ہوگئے اور ایک مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی۔

واضح رہے کہ اکشے کمار اپنی آنے والی فلم ’رستم‘ میں بحریہ افسر کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

رنویر سنگھ نے اکشے کمار کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکار بحریہ افسر کا یونیفارم پہنے دکھائی دیے۔

اس ویڈیو میں رنویر سنگھ نے اکشے کے لیے پیغام دیا ’اکشے سر، اگر آپ رستم ہیں تو میں چھپا رستم ہوں‘۔

مزید پڑھیں: سلمان، اکشے کی فلم ’رستم‘ کی تشہیر کے لیے سرگرم

اس دوران رنویر، اکشے کی ایک فلم کے گانے پر بھی رقص کرتے دکھائی دیے۔

اکشے کمار نے بھی رنویر کی ویڈیو دیکھنے کے بعد ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ جہاز میں اپنی ساتھی اداکاروں کے ساتھ موجود ہیں اور انہیں رنویر کی ویڈیو دکھاتے نظر آرہے ہیں۔

اس سے قبل رنویر سنگھ نے اکشے کمار کے ساتھ اپنے بچپن کی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔

فلم ’رستم‘ رواں ماہ 12 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Read Comments