Dawn News Television

شائع 21 اگست 2016 03:41pm

پاکستان کے عالمی نمبر ایک بننے کے روشن امکانات

پورٹ آف اسپین: ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کا لگاتار دوسرا دن بارش کی نذر ہونے کے سبب میچ ڈرا ہونے کے قوی امکانات ہیں اور پاکستان کے عالمی نمبر ایک بننے کے امکانات روشن ہو چکے ہیں۔

پورٹ آف اسپین میں عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بھی خراب موسم اور میدان کی حالت خراب ہونے کے سبب کوئی گیند پھینکی نہ جا سکی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی

ویسٹ انڈیز نے میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن بارش کے سبب محض 22 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا جس میں ویسٹ انڈیز نے دو وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنائے تھے۔

میچ کا دوسرا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا جبکہ تیسرے دن بھی صورتحال مختلف نہ تھی اور امپائرز نے طویل انتظار کے بعد بغیر کوئی گیند پھینکے ہی دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اب جبکہ میچ ختم ہونے میں محض دو دن باقی ہیں اور میچ کی چاروں اننگز باقی ہیں تو ایسے میں میچ ڈرا ہونے کے قوی امکانات ہیں اور اس صورت میں پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔

اس وقت عالمی درجہ بندی میں ہندوستان کی ٹیم پہلے، پاکستان دوسرے اور سری لنکا سے شکست کے بعد آسٹریلین ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

ہندوستان کو عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائض رہنے کیلئے سیریز میں کم از کم 3-0 سے کامیابی درکار تھی لیکن پورٹ آف اسپین ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد وہ اپنا اعزاز برقرار نہیں رکھ پائے گی اور یوں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔

Read Comments