Dawn News Television

شائع 24 اگست 2016 03:31pm

کراچی کے لیے 500 نئی بسوں کا اعلان

کراچی: سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ شہر قائد میں جلد ہی 500 نئی بسوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے دفتر میں ہونے والی ایک میٹنگ کے دوران سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دینے کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ پروجیکٹ پر مراد علی شاہ کی منظوری ملنے کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کے لیے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم پر بھی طویل عرصے سے کام جاری ہے۔

یہ ملک کا پہلا تیز ترین ٹرانزٹ سسٹم ہے جس کے لیے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے۔

گرین لائن ریپڈ بس سروس کا سنگ بنیاد وزیراعظم نواز شریف نے 6 ماہ قبل کراچی میں رکھا تھا، اس منصوبے کا روٹ 17.8 کلومیٹر طویل بتایا گیا، جس پر 16 ارب 85 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس کی تکمیل دسمبر 2016 تک ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

یہ بھی امید ظاہر کی گئی تھی کہ اس سروس سے ایک گھنٹے سے زائد میں طے ہونے والا فاصلہ منٹوں میں طے ہو سکے گا۔

Read Comments