Dawn News Television

شائع 24 اگست 2016 08:29pm

اٹلی میں 18 سال کے نوجوانوں کے لیے 500 یورو کا تحفہ

پاکستان جیسے ملک میں تو 18 سال کی عمر پر پہنچنے کے بعد بیشتر نوجوانوں کو روزگار کی فکر لاحق ہوجاتی ہے یا وہ پہلے ہی کوئی نہ کوئی کام کررہے ہوتے ہیں مگر ایک یورپی ملک کی حکومت نے اٹھارویں سالگرہ منانے والوں کو زبردست تحفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جی ہاں اٹلی کی وفاقی حکومت 18 سال کے ہو جانے والے تمام نوجوانوں کو 500 یورو (لگ بھگ 59 ہزار پاکستانی روپے) دے گی۔

اس حوالے سے 15 ستمبر سے نئے پروگرام کا آغاز ہورہا ہے جس کے تحت 1998 میں پیدا ہونے والے نوجوانوں کو اٹھارویں سالگرہ پر یہ تحفہ دیا جائے گا، جبکہ جو پہلے ہی رواں سال کسی وقت اٹھارہ سال کے ہوچکے ہیں، انہیں بھی پانچ سو یورو دیئے جائیں گے۔

اس فراخ دلانہ پالیسی کو متعارف کرانے کا مقصد نوجوانوں کے اندر میوزیمز، پارکس اور موسیقی کے پروگرامز میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے، جبکہ یہ نوجوان اس رقم کو کتابیں خریدنے اور فلمیں دیکھنے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے۔

سرکاری حکام کے مطابق " اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ وہ ایسی برادری سے تعلق رکھتے ہیں جو انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے"۔

اس پروگرام کے لیے حکومت ایک اسمارٹ ایپ 18app کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کوئی نوجوان کسی کنسرٹ یا میوزیم کا ٹکٹ خریدنے کا چاہے تو یہ ایپ واﺅچر تیار کرے گی جسے رقم کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

اس واﺅچر کی کاپی حکومت کے پاس چلی جائے گی۔

یہ پہلی بار نہیں کہ اٹلی کی حکومت نے اپنے شہریوں کے لیے اقدامات کیے ہوں، گزشتہ سال سلسلی میں مکانات مفت دینے کا اعلان ایک شرط کے بدلے میں کیا گیا تھا کہ مالکان کو ملکیت کے دستاویزات کے اخراجات خود ادا کرنا ہوں گے جبکہ پہلے سال کے دوران تزئین نو کا تفصیلی پلان پیش کرنا ہوگا۔

اس نئے پروگرام کے تحت اٹلی کی حکومت 5 لاکھ 74 ہزار نوجوانوں کے لیے 328 ملین ڈالرز خرچ کرے گی اور یہ پروگرام 2017 کے آخر تک چلتا رہے گا۔

Read Comments