Dawn News Television

شائع 24 اگست 2016 09:33pm

ڈبلیو ڈبلیو ای کا بروک لیسنر کو سزا دینے کا اعلان

ڈبلیو ڈبلیو ای نے ریسلر بروک لیسنر کو سمر سلیم میں رینڈی اورٹن کو جان بوجھ کر زخمی کرنے پر سزا دینے کا اعلان کردیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے منگل کو را کی کمشنر اسٹیفنی میکموہن نے رینڈی اورٹن کو زخمی کرنے پر بروک لیسنر کو 500 ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی۔

بروک لیسنر سمر سلیم کے اس میچ میں ٹیکنیکل ناک آﺅٹ کی بناءپر فاتح قرار پائے تھے، جس کی وجہ ان کی جانب سے کہنی کے وار کرکے رینڈی اورٹن کا سر پھاڑنا تھا۔

زخمی رینڈی اورٹن کو میچ کے بعد 10 ٹانکے لگوانے پڑے۔

میچ کے بعد بروک لیسنر نے اسمیک ڈاﺅن کے کمشنر شین میکموہن کو اپنے داﺅ ایف فائیو کا نشانہ بنایا جو بظاہر را اور اسمیک ڈاﺅن کے درمیان تنازع پیدا کرنے کی کوشش تھا۔

بروک لیسنر کو بہت کم جرمانے کی معمولی سزا بھی اس خیال کو تقویت دیتی ہے۔

اسمیک ڈاﺅن میں بروک لیسنر کے مقابلے کے ریسلرز کی کمی کے باعث یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ وہ بل گولڈ برگ کی خدمات اس مقصد حاصل کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں اکثر کشتیاں پہلے سے طے شدہ ہوتی ہیں مگر سمر سلیم کے اس مقابلے میں بروک لیسنر نے رینڈی اورٹن کے سر پر اتنی بری طرح وار کیے کہ زخمی ریسلر کو پیشانی پر دس ٹانکے لگوانے پڑے۔

یہ میچ اس وقت ختم ہوگیا جب رینڈی اورٹن کا سر بروک لیسنر کی کہنیوں کے وار کے نتیجے میں پھٹ گیا اور رنگ میں خون ہی خون ہوگیا۔

Read Comments