Dawn News Television

شائع 25 اگست 2016 09:11am

پرزما اب آف لائن بھی کام کرے گی

اگر اس وقت فوٹو شیئرنگ ایپس کی بات کی جائے تو مقبولیت کے لحاظ سے پرزما کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکے گا جو آپ کی عام تصاویر کو خوبصورت آرٹ ورک میں تبدیل کردیتی ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ اب یہ ایپ آف لائن بھی کام کرسکے گی۔

اس ایپ میں فوٹو فلٹرز کے لیے نیورل نیٹ ورک ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے جس کے لیے اب تک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت تھی، کیونکہ ان فلٹرز کو کام کرنے کے لیے مخصوص سرورز کی ضرورت ہوتی تھی۔

مگر اب پرزما میں نیورل نیٹ ورک ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ وہ آف لائن بھی زیادہ تیز کام کرسکے۔

کتنا تیز؟ اس کا انحصار آپ کے اسمارٹ فون کی صلاحیت پر ہے، جیسے آئی فون سکس میں اگر پہلے کسی تصویر پر 10 سے 20 سیکنڈز لگتے تھے تو اب یہ کام 3 سیکنڈز میں ہوگا۔

جبکہ اس سے قبل اگر ایپ کے سروز کسی وجہ سے کام کرنے سے قاصر ہوتے تو صارف فوٹو بدلنے کا انتظار ہی کرتا رہ جاتا تھا۔

پرزما کا کہنا ہے کہ آف لائن ایپ کا استعمال صارفین کو زیادہ پسند آئے گا کیونکہ اب نیورل نیٹ ورکس اسمارٹ فونز میں ہی کام کریں گے۔

تاہم کمپنی نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ نیورل ٹیکنالوجی بغیر انٹرنیٹ کے فون پر کس طرح کام کرے گی۔

تاہم اس کا کہنا تھا کہ اب یہ ایپ اسمارٹ فون اسپیڈ کے لیے بھی معیار ثابت ہو گی، مگر یہ ہوگا کس طرح یہ فی الوقت واضح نہیں۔

پرزما کے سی ای او کے مطابق مستقبل قریب میں فوٹو شیئرنگ ایپ میں نایک اسپیشل موڈ کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔

اور ہاں فوٹوز کے ساتھ اس ایپ میں ویڈیو سپورٹ بھی جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

Read Comments