Dawn News Television

شائع 28 اگست 2016 12:49am

زخمی محمد حفیظ کی جگہ عرفان ٹیم میں شامل

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے بازمحمد حفیظ زخمی ہوکر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں ان کی جگہ فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق محمد حفیط نے بائیں پنڈلی میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد انھیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور بقیہ میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور نہ ہی واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں ان کو بلایا جائے گا۔

محمد حفیظ انجری سے بحالی کے لیے انگلینڈ میں ہی موجود ہوں لیکن ٹیم انتظامیہ نے ان کی جگہ دراز قامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کرنے کےلیے سلیکشن کمیٹی سے سفارش کی ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کے مشورے پر محمدعرفان کی ٹیم میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔

حفیظ کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی تھی جبکہ روزباؤل میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں 15 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو 44 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب 34 سالہ عرفان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ابتدائی طورپر ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور عمرگل کو ان کی پر ترجیح دی گئی تھی۔

عرفان قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اسلام آباد کی نمائندگی کررہے ہیں اور تیسرے میچ سے قبل ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

Read Comments