Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اگست 2016 06:44pm

شادی کے لیے کیرئیر چھوڑ دوں گی، کترینہ کیف

شادی یا کیرئیر؟ ہر اداکارہ کو زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر اس سوال کا سامنا ہوتا ہے مگر کترینہ کیف کے پاس اس کا جواب موجود ہے۔

اگر بولی وڈ باربی ڈول کو ان دونوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہو تو وہ کیرئیر کو چھوڑنے کو ترجیح دیں گی۔

انڈین ایکسپریس سے انٹرویو کے دوران جب کترینہ کیف سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے محبوب کے لیے اپنا روشن کیرئیر چھوڑ دیں گی، تو ان کا کہنا تھا " یقیناً، اگر میں چاہوں گی تو، مجھے اس کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا، اگر مجھے اس بات کا احساس ہوا تو میں کیرئیر چھوڑ دوں گی، اگر مجھے لگا کہ میرا دل گھر میں رہنے اور بچوں کی پرورش کا خواہشمند ہے، تو ہاں میں چھوڑ دوں گی۔ میرا ماننا ہے کہ ہر خاتون کو اپنے وجدان کی پیروی کرنی چاہئے"۔

تاہم اداکارہ کی نئی فلم 'بار بار دیکھو' میں ان کے ساتھی اسٹار سدہارتھ ملہورہ کے خیال میں کیرئیر شادی کے مقابلے میں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

جب کترینہ سے پوچھا گیا گیا کہ مرد عام طور پر شادی سے دور بھاگتے ہیں تو ان کا کہنا تھا " میرا اس حوالے سے موقف ہے کہ یہ صنفی نہیں بلکہ ذاتی معاملہ ہے، ایسی متعدد خواتین ہیں جو شادی کرنے کی بجائے اپنے کیرئیر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں اور میں ایسے متعدد مردوں سے بھی واقف ہوں جو شادی کرنے کی بجائے کیرئیر پر توجہ دینا چاہتے ہیں"۔

ان کا مزید کہنا تھا " اگر فطرت کی بات کی جائے تو خواتین کا جھکاﺅ خاندان کی جانب زیادہ ہوتا ہے،بیشتر خواتین وابستگی اور تحفظ کو ترجیح دیتی ہیں، مگر یہاں ایسی خواتین بھی ہیں جن کی سوچ مختلف ہوتی ہے، مگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں دونوں کو منتخب کرنا پسند کروں گی"۔

Read Comments