Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اگست 2016 10:50am

سعودی نائب ولی عہد کی نواز شریف سے ملاقات

اسلام آباد: سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف سے ملاقات کی، وہ چین کے تین روزہ دورے پر روانگی سے قبل ایک روز کیلئے پاکستان آئے تھے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ بھی وزیر اعظم ہاؤس میں موجود تھے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قبل ازیں سعودی نائب ولی عہد جب نور خان ایئربیس پر پہنچے تو وہاں وزیر دفاع خواجہ آصف اور دفتر خارجہ کے دیگر عہدے داروں نے ان کا استقبال کیا۔


Read Comments