Dawn News Television

شائع 29 اگست 2016 05:37pm

انسٹاگرام کی ننھی اسٹار

ماں بننا اتنا آسان کام نہیں اور پہلے بچے کی پیدائش کے بعد والدین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی نیند اس وقت پوری کرلیں جب ان کا بچہ بھی سورہا ہو ورنہ انہیں سونے کا کوئی وقت نہیں ملے گا تاہم امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک فوٹو گرافر نے اپنی بچی کی غفلت کا خوب فائدہ اٹھایا۔

ایزومی کاوا نامی ایک امریکی فوٹوگرافر نے اپنی بیٹی جوئے میری چوئی کی سوتے ہوئے تصاویر لیں جس میں انہوں نے جوئے کو متعدد فلموں کے کردار اور نامور شخصیات کی طرح کا میک اوور دیا۔

فوٹو گرافر نے یہ تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں جس کے فوری بعد صارفین نے ان کی تعریفیں شروع کردی۔

ہفنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے ایزومی کاوا کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی بچی کے سونے کے وقت پر نہیں سو سکتی کیوں کہ میں اسے دیکھتی رہتی ہوں کیوں کہ مجھے اس سے بے حد محبت ہے، جوئے بہت گہری نیند لیتی ہے، تو میں نے سوچا کہ کچھ دلچسپ چیزیں استعمال کرکے اس کی ایسی تصاویر لی جائیں جنہیں دیکھ کر والدین خوش ہوں اور وہ اپنے بچوں کے ہر لمحے کو یادگار بنانے کی کوشش کریں'۔

جیسے جیسے ایزومی اپنی بیٹی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتی رہیں ان کے فالوورز کی تعداد بڑھ کر ڈھائی لاکھ سے زائد ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ کافی لوگوں کو میری بیٹی کی ایسی تصاویر پسند آرہی ہیں، پہلے میں نے سوچا تھا کہ انہیں شیئر کرنا بند کردوں لیکن پھر کئی لوگوں نے مجھے مسیجز کرنا شروع کیے اور میرا حوصلہ بڑھایا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ان سب کے لیے کبھی اپنی بیٹی کی نیند خراب نہیں ہونے دی، کئی مرتبہ تیار کرتے وقت ان کی بیٹی کی آنکھ کھل جاتی لیکن وہ انہیں گھورنے کے بعد دوبارہ سو جاتی۔

ایزومی نے والدین کو پیغام دیا کہ وہ ان تصاویر کو دیکھ کر متاثر ہوں اور یاد رکھیں کہ اہنے بچے کے ساتھ ایسے لمحات کو ضرور یادگار بنائیں۔

Read Comments