Dawn News Television

شائع 29 اگست 2016 06:21pm

شاہ رخ کی پاکستانی چپل گائے کی کھال کی؟

پشاور: بولی وڈ میں کنگ کے نام سے مقبول شاہ رخ خان کے لیے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے کاریگر کی جانب سے پشاوری چپل پر اٹھنے والے تنازع نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جہانگیر خان نامی کاریگر کو شاہ رخ خان کے لیے دو پشاوری چپلوں کا آرڈر دیا گیا تھا، جس کو تیار کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اداکار کے لیے اپنی جانب سے تحفے کے طور پر بھی ایک چپل تیار کی اور کہا کہ یہ ہرن کی کھال سے بنائی گئی ہے۔

جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے ہرن کی کھال سے چپل کی تیاری کی خبر پر جہانگیر خان کو گرفتار کرلیا تھا تاہم اب معلوم ہوا کہ یہ چپل ہرن کی بجائے آسٹریلین گائے کے چمڑے سے تیاز کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہرن کے شکار اور اس کی کھال کی خرید و فروخت پر پابندی ہے۔

شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں نے اداکار کے لیے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور پشاوری چپلوں کے مشہور کاریگر جہانگیر خان کو چپل کے 2 جوڑے تیار کرنے کا آرڈر دیا تھا۔

جہانگیر خان اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی شیر کی کھال سے پشاوری چپل تیار کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں : شاہ رخ خان کیلئے ’پشاوری چپل‘ بنانے والا گرفتار

شاہ رخ خان کے لیے پشاوری چپل کا آرڈر دینے کے بعد ان کی کزن نور جہاں نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اداکار کی خصوصی فرمائش پر انہوں نے ان چپلوں کا آرڈر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 1997 میں بھی شاہ رخ خان کو پشاوری چپل کا تحفہ دیا تھا اور وہ ہندوستان جاکر دوبارہ انہیں ان چپلوں کا تحفہ دیں گی۔

کاریگر کا دعویٰ ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں بھی ان کی بنائی ہوئی پشاوری چپل پہنی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان ایک گجراتی گینگسٹر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، ان کے ساتھ پاکستانی کامیاب اداکارہ ماہرہ خان بھی اس فلم سے بولی وڈ میں ڈیبیو کریں گی، جبکہ نوازالدین صدیقی اس فلم میں ایک پولیس افسر کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

فلم ’رئیس‘ اگلے سال 26 جنوری کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

Read Comments