Dawn News Television

شائع 30 اگست 2016 09:30am

پھل اور سبزیاں امراض قلب کے خلاف زیادہ موثر

زیتون کے تیل میں پکی سبزیوں اور مچھلی وغیرہ پر مبنی غذا امراض قلب سے موت کے خطرے میں نمایاں کمی کردیتی ہے۔

یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

آئی آر سی سی ایس نیورومیڈ انسٹیٹوٹ کی تحقیق کے مطابق پھلوں، سبزیوں، گریوں اور زیتون کے تیل سے بھرپور غذا امراض قلب کے نتیجے میں موت کا خطرہ 37 فیصد تک کم کردیتی ہے۔

اس تحقیق کے دوران امراض قلب کے شکار 1200 فراد کا جائزہ لیا گیا اور یہ معلوم ہوا کہ مخصوص غذا جلد موت کے خطرے سے بچاتی ہے۔

محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مخصوص غذا جسم پر اتنے طاقتور اثرات مرتب کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کو دوائیں تجویز کرنے سے پہلے اس کے استعمال کا مشورہ دینا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غذا انتہائی صحت مند اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے اور مختلف رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ اس طرح کی غذا متعدد امراض کا خطرہ کم کرتی ہے۔

اس تحقیق میں عام لوگوں پر توجہ مرکوز کی گئی جو امراض قلب کا شکار تھے۔

امراض قلب کے شکار افراد میں کولیسٹرول کم کرنے والی ادویات کے بارے میں مانا جاتا تھا کہ وہ دل کی بیماریوں سے تحفظ دیتی ہیں مگر ان کے استعمال سے موت کا خطرہ 24 فیصد تک ہی کم ہوپاتا ہے۔

ماہرین نے تجویز دی ہے کہ اس غذا اور ادویات کا مشترکہ استعمال امراض قلب پر قابو پانے کے لیے موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

Read Comments