Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اگست 2016 09:47pm

ہندوستان کا 52 روز بعد جموں و کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا اعلان

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتظامیہ نے 52 روز تک جاری رہنے والے کرفیو کو اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔

وادئ میں کرفیو اٹھائے جانے کے بعد بھی کشمیری سڑکیں سنسان رہیں جبکہ مظاہرین اور ہندوستانی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی رپورٹ ہوئیں۔

ہندوستانی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ، پتھراؤ اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جس سے مزید کئی کشمیری نوجوان زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ 8 جولائی کو ہندوستانی فورسز نے نوجوان کشمیری حریت پسند برہان وانی کو ایک مبینہ جھڑپ میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس واقعے پر کشمیریوں نے وادئ بھر میں احتجاج کیا۔

ہندوستانی فورسز نے مظاہروں کو طاقت سے روکنے کی کوشش کی جس میں 80 سے زائد کشمیری ہلاک اور 8 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔

ادھر پاکستان نے ہندوستان کو مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی پیش کش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور کی جانے والی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے۔

تاہم ہندوستان نے پاکستانی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اس کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے۔

Read Comments