Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اگست 2016 05:19pm

بمراہ سال میں سب سے زیادہ ٹی20 وکٹیں لینے والے باؤلر

ہندوستانی فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے کا ڈرک نینس کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اتوار کو امریکا میں ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان میچ تو بارش کی نذر ہو گیا لیکن اس میچ میں بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں اور اس ریکارڈ کے مالک بن گئے۔

فاسٹ باؤلر نے رواں سال جنوری میں ڈیبیو کیا اور مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر ڈرک نینس کے پاس تھا جنہوں نے 2010 میں کھیلے گئے 14 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس فہرست میں تیہسرے نمبر پر پاکستانی اسپنر سعید اجمل موجود ہیں جنہوں نے 2012 میں 16 میچ کھیلتے ہوئے 25 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا تھا۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ہے، سابق کپتان شاہد آفریدی 97 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ عمر گل اور سعید اجمل 85، 85 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Read Comments