Dawn News Television

شائع 22 ستمبر 2016 11:58pm

مردوں میں کینسر کا باعث بننے والی عام عادت

ایسے مرد جنھیں بہت زیادہ پریشانی یا ذہنی فکرمندی کا سامنا ہوتا ہے ان میں کینسر کے مرض کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بات یورپ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نینشل انسٹیٹوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن مردوں میں ذہنی تشویش اور پریشان بہت زیادہ ہوتی ہے ان میں کینسر کے مرض اور اس سے موت کا خطرہ دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

تاہم خواتین میں ذہنی تشویش اور کینسر کے درمیان کوئی تعلق دریافت نہیں کیا جاسکا۔

اس تحقیق کے دوران برطانیہ کے 40 سے 79 سال کے 15 ہزار سے زائد افراد کا 15 برسوں تک جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ذہنی پریشانی یا فکرمندی ایک شخصی عادت سے بھی بڑھ کر ہے درحقیقت یہ مرض ہے جو مختلف امراض جیسے کینسر سے موت کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

محققین نے مشورہ دیا ہے کہ ذہنی فکرمندی میں بہت زیادہ اضافے کو انتباہی اشارے کے طور پر دیکھنا چاہئے۔

یہ پہلی تحقیق ہے جس میں ذہنی فکرمندی اور کینسر کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے اور محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر ایسے مضبوط شواہد ملے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ان دونوں کیفیات کے درمیان ایک تعلق دریافت کیا گیا اور اس کی وجہ جاننے کی ضرورت ہے۔

یہ تحقیق رواں ہفتے ویانا میں ہونے والی یورپین کالج آف نیوروسائیکو فارماکلوجی کانگریس میں پیش کی جائے گی۔

Read Comments