Dawn News Television

شائع 24 ستمبر 2016 11:29pm

اسنیپ چیٹ کا کیمرے والے گلاسز متعارف کرانے کا اعلان

سوشل میڈیا کی مشہور میسجنگ ایپ ’اسنیپ چیٹ‘ نے کیمرے والے سن گلاسز متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

یہ ڈیوائس جس کا کمپنی کی جانب سے ’اسپیکٹیکلز‘ نام رکھا گیا ہے، رواں سال کے آخر میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی، جس کی قیمت 130 ڈالر ہوگی۔

یہ گلاسز ایک وقت میں 30 سیکنڈز کی ویڈیو ریکارڈ کرسکیں گے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی اسنیپ چیٹ نے اپنا نام بھی تبدیل کرکے ’اسنیپ انکارپوریشن‘ کردیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسپیکٹیکلز سے بنائی جانے والی ویڈیو ایک نئے ’سرکولر فارمیٹ‘ میں ریکارڈ ہوگی، جسے کسی بھی ویڈیو ڈیوائس میں دیکھا جاسکے گا، جبکہ اس کی بیٹری تقریباً ایک دن چل سکے گی۔

گلاسز میں کیمرے کے ساتھ لگائی جانے والی لائٹ قریبی لوگوں کو ریکارڈنگ ہونے یا نہ ہونے کی نشاندہی کریں گی۔

قبل ازیں کمپنی کی جانب سے یہ ڈیوائس متعارف کرائے جانے کی تصدیق سے قبل ہی نیوز ویب سائٹ ’بزنس انسائڈر‘ نے اس کی پروموشنل ویڈیو جاری کردی تھی، تاہم اس ویڈیو کو بعد ازاں ہٹا دیا گیا۔

Read Comments