گالف کے 'کنگ' آرنلڈ پالمر انتقال کرگئے
پٹسبرگ: دی کنگ کے نام سے مشہور امریکا کے سابق گالفر آرنلڈ پالمر مقامی ہسپتال میں دل کے عارضے کے باعث 87 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
آرنلڈ پالمر کا شمار گالف کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا اور ان کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ انھیں 'دی کنگ' کہا جاتا تھا۔
1929 میں پیدا ہونے والے امریکا کے عظیم گالفر نے چارسال کی عمر سے گالف کھیلنا شروع کیا اور پورے کیریئر میں پی جی اے ٹور کے 7 میجر چمپیئن شپ سمیت 62 فتوحات حاصل کیں۔
انھیں کیریئر کی بڑی کامیابی 1960 کے یوایس اوپن میں ملی تھی جب انھوں نے تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں سات شاٹس کا ریکارڈ برابر کیا تھا اور 1960 سے 1963 تک انھیں گالف میں عروج حاصل تھا۔
پالمر نے تین سالوں میں پی جی اے کے 29 ٹورنامنٹس میں فتوحات حاصل کی تھیں جبکہ انھیں 1960 میں کھیلوں کی میگزین نے 'اسپورٹس مین آف دی ائر' کا خطاب دیا۔