Dawn News Television

شائع 28 ستمبر 2016 08:32pm

بلیک بیری فونز کا دور ختم ہوگیا

کینیڈا کی معروف کمپنی بلیک بیری نے آئندہ اپنے اسمارٹ فونز نہ بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس طرح ایک عہد ختم ہوگیا ہے۔

بلیک بیری کسی زمانے میں موبائل فون کی دنیا کا غیر متنازعہ بادشاہ سمجھا جاتا تھا مگر آئی فون کی آمد اور اینڈرائیڈ فونز کی فروخت نے اس کی مقبولیت ختم کردی تھی۔

بلیک بیری کمپنی اس صورتحال سے باہر نہیں نکل سکی اور مالی مشکلات کی دلدل میں دھنستی چلی گئی۔

اب یہ کینیڈین کمپنی اپنے فون خود بنانے کی بجائے مستقبل میں دیگر کمپنیوں پر انحصار کرے گی۔

کمپنی کی سہ ماہی مالیاتی رپورٹ کے اجراءکے موقع پر یہ اعلان کیا گیا تھا ، مگر یہ کمپنی پہلے ہی فون بنانے کے عمل سے ہاتھ اٹھا چکی تھی۔

اس کا حالیہ فون ڈی ٹی ای کے 50 بنیادی طور پر الیکٹیل کے ساتھ مل کر بنایا گیا تھا ۔

بلیک بیری کے سی ای او جان چین کے مطابق " چونکہ کمپنی کو اب منافع نہیں ہورہا ہے اس لیے اب ہم نے صرف سافٹ ویئر کمپنی تک محدود رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور فون کی تیاری کے لیے دیگر کمپنیوں سے اشتراک کیا جائے گا"۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے ہمیں مالیاتی ضرورت میں کمی کا موقع ملے گا اور منافع میں اضافہ ہوگا۔

Read Comments