Dawn News Television

شائع 30 ستمبر 2016 12:18am

ایک سیب روزانہ کینسر دور بھگائے

روزانہ ایک سیب ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے یا نہیں مگر یہ آپ کو کینسر کی مختلف اقسام سے ضرور بچا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

پریوگیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق روزانہ ایک سیب کھانا پھیپھڑوں، آنتوں، منہ، غذائی نالی اور بریسٹ کینسر کا خطرہ کم کردیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سیب کھانے سے پھیپھڑوں میں رسولی کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ بریسٹ کینسر کا امکان بیس فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس حوالے سے محققین نے 40 پرانی طبی رپورٹس کا جائزہ لیا جس میں غذا اور کینسر کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سیب کو زیادہ پسند کرنے والے افراد میں کینسر کی شرح بہت کم ہوتی ہے۔

محققین کے خیال میں اس کی وجہ سیب میں موجود کیمیائی مرکب اور مالیکیولز ہوسکتے ہیں جو مختلف اقسام کے کینسر کا خطرہ کم کردیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پھل پھیپھڑوں کے کینسر کے خلاف سب سے زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے جبکہ غذائی نالی وغیرہ میں رسولی سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

تاہم ان کے بقول اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ سیب فلیونوئڈز اور کیمیائی مرکب سے بھرپور ہوتے ہیں جو امراض قلب سے بھی تحفظ فراہم کرنے کے لیے فائدہ مند سمجھے جاتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

Read Comments