Dawn News Television

شائع 01 اکتوبر 2016 11:48pm

’بھارت سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے‘

کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ بھارت کو براہمداغ بگٹی سے پیار نہیں بلکہ وہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں ایک روزہ سیکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سیمینار ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ بلوچستان میں ایک نمائندہ بااختیار اور طاقتور اسمبلی موجود ہے، جس میں بلوچ اور پشتون نمائندے صوبے کے امور چلا رہے ہیں، جبکہ ہمیں یقین ہے کہ قومی یکجہتی اور اپنی قوت کی بناء پر ہم موجودہ بحران سے کامیابی کے ساتھ نکل جائیں گے۔

انہوں کا کہنا تھا کہ پاکستان پر دوسرے ملکوں کے معاملات میں مداخلت کے الزام میں کوئی صداقت نہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام کے منتخب نمائندے خود حکومتی امور چلا رہے ہیں۔

براہمداغ بگٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کو براہمداغ بگٹی سے پیار نہیں، بلکہ وہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش میں ہے اور اس کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

سیمینار سے خطاب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان اور بلوچستان کے پاکستان کے الحاق کے بعد سے سازشیں شروع ہوگئیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر کا کام ڈرنا نہیں بلکہ جرات مندانہ قیادت کرنا ہوتا ہے، ماضی میں اس جرات کا مظاہرہ کیا جاتا تو آج بلوچستان کا نقشہ تبدیل ہوچکا ہوتا۔

Read Comments