Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2018 10:06pm

پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہیے:گمبھیر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گمبھیر کا کہنا تھا کہ 'میں اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں کہ جب تک بارڈر میں حالات ٹھیک نہیں ہوتے اس وقت تک پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے'۔

واضح رہے گزشتہ ماہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں ہندوستانی فوج کے مرکز پر حملے میں متعدد فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد انڈیا کے بعض کھلاڑیوں کی جانب سے بیانات آئے تھے جبکہ بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کو فوری طور پر پاکستان واپس آنا پڑا تھا۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ مقابلوں کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔

گمبھیر کا ماننا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے علاوہ بالی ووڈ سمیت دیگر روابط بھی منقطع ہونے چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مجبور‘ کرن جوہر کا بھی پاکستانی فنکاروں کےساتھ کام سے انکار

ان کا کہنا تھا کہ 'میں ائرکنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھ کر یہ بات کرسکتا ہوں کہ کرکٹ اور بالی ووڈ کا سیاست سے موازنہ نہیں کرنا چاہیے لیکن بارڈر میں جو لوگ ہلاک ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ سے یہ سوال پوچھیں تو آپ کو جواب ملے گا'۔

گمبھیر کو طویل عرصے بعد حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں انھوں نے ایک نصف سنچری بنائی تھیں۔

واضح رہے 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کا سلسلہ ختم ہوا ہے تاہم پاکستان ٹیم 2011 ورلڈ کپ اور 2016 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ہندوستان گئی تھی۔

Read Comments