پاکستان کے 452 رنز، ویسٹ انڈیز پھر مشکل میں
ابو ظہبی: پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم مشکلات سے دوچار ہے جہاں پاکستان کے 452 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 106 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی ہے۔
ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو اوپنرز نے 27 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد لیون جانسن وکٹ گنوا بیٹھے۔
گزشتہ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے ڈیرن براوو ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے کے موڈ میں نظر آ رہے تھے لیکن یاسر شاہ نے 43 رنز بنانے والے بلے باز کو پویلین واپسی کا پروانہ تھما دیا۔
65 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد مارلن سیمیولز اور کریگ بریتھ ویٹ نے محتاط بیٹنگ شروع کی اور اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے ایک اوور قبل راحت علی نے سیمیولز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جو 30 رنز بنا سکے۔
ابھی ویسٹ انڈین اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں بریتھ ویٹ اور نائٹ واچ مین دویندرا بشو کے درمیان وکٹوں کے درمیان غلط فہمی پیدا ہوئی اور بریتھ ویٹ کو پویلین لوٹنا پڑا۔
جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 147 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی دو نقصانات اٹھانے پڑے جب مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: یونس کی 33ویں سنچری، پاکستان کے چار وکٹ پر 304 رنز
مصباح الحق کے بعد یاسر شاہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں جیسن ہولڈر نے آؤٹ کیا۔
سرفراز نے روایتی انداز میں برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے تک 45 رنز بنا کر پاکستان کو 400 کے مجموعے تک رسائی دلائی۔
کھانے کے وقفے کے بعد سرفراز احمد نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 56 کے اسکور پر شینن گیبریئل کی تیز رفتار گیند نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔