Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2016 07:07pm

ریناٹو سانچز کیلئے یورپین گولڈن بوائے ایوارڈ

جرمن فٹ بال کلب کے لیے کھیلنے والے پرتگالی نوجوان اسٹرائیکر ریناٹو سانچز نے انگلینڈ کے مارکوس ریشفرڈ کو زیر کرتے ہوئے یورپین گولڈن بوائے ایوارڈ جیت لیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے سانچز کا مقابلہ ساتھی کھلاڑی کنگسلے کومان اور انگلینڈ کے ریشفرڈ سے تھا۔

19 سالہ ریناٹو سانچز نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے انڈر21 یورپ کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں وین رونی، رحیم اسٹرلنگ، لیونل میسی اور سرجیوآگویرو کے ساتھ اپنا نام درج کرادیا۔

سانچز کو یہ ایوارڈ موناکو کے شہر مونٹے کارلو میں پیش کیا جائے گا۔

اٹلی کے اخبار ٹوٹواسپورٹس کی جانب سے 2003 میں شروع کیے گئے اس ایوارڈ کے لیے کھلاڑی کا انتخاب یورپ بھر کے صحافیوں کے ووٹ سے کیا جاتا ہے۔

اطالوی اخبار نے سانچز کی تصویر اپنے سرورق پر شائع کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرتگال یورپین فٹ بال کا تاریخی چمپیئن

پرتگال کے لیے 11 میچ کھیلنے والے سانچز نے رواں سیزن میں جرمن کلب سے 27.5 ملین پاؤنڈ میں معاہدہ کیا تھا اور اب تک کلب کی جانب سے 8 میچ کھیلے ہیں۔

سانچز نے یورو2016 میں 18 سال کی عمر میں حصہ لیا تھا اور ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تھے اور ٹورنامنٹ کے کم عمر کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

پرتگال نے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں رواں سال کھیلے گئے یوروکپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

Read Comments