Dawn News Television

شائع 25 اکتوبر 2016 04:25pm

بولی وڈ فلموں سےپابندی ہٹانےکی خبروں کی تردید

جہاں ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں اور پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد کی گئی، وہیں پاکستان میں سینما مالکان نے ہندوستانی فلموں کو ریلیز کرنے سے انکار کیا، تاہم حالیہ دنوں میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اس پابندی کو ہٹانے کا اعلان کیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی ان خبروں کو فلم ایسوسی ایشن کے چیئرمین زوریز لاشاری نے بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بولی وڈ فلموں پر تاحال پابندی برقرار ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کوئی پریس کانفرنس کی ہے‘۔

مزید پڑھیں: ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز، انتہا پسند تنظیم کی مشروط اجازت

زوریز لاشاری کے مطابق ’اس وقت ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ فواد خان بولی وڈ فلم میں جلوہ گر ہونے والے ہیں اور ہم خوش ہیں کہ ان کا ایک بھی سین فلم سے ہٹایا نہیں گیا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آگے کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا، تاہم، فی الحال بولی وڈ فلموں پر سے پابندی نہیں ہٹائی جارہی ہے اور مجھے امید ہے کہ میڈیا اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرے گا‘۔

فواد خان کی فلم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’بہت حد تک امکان ہے کہ فلم اے دل ہے مشکل اور شیوے کو یہاں ریلیز کردیا جائے کیوں کہ حکومت نے ان فلموں کو این او سی دے دیا ہے‘۔

کراچی کے ایٹریم سینما اور اسلام آباد کے سینٹارس سینما کے مالک ندیم منڈیوالہ نے اس معاملے میں کسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ فلموں پر پابندی کا فائدہ نہیں، مقامی سینما مالکان

تاہم سنی پیکس کے مالک محسن یاسین کے مطابق انہوں نے ایسے کسی فیصلے کے بارے میں اب تک نہیں سنا، ’ایسوسی ایشن نے سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا تاہم لوگ چند روز میں اس حوالے سے میٹنگ رکھیں گے‘۔

سپر سینما کے مالک خرم گل نے بھی اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس حوالے سے کچھ نہیں معلوم، نہ ہی ایسی کوئی خبر ہے‘۔

نیوپلیکس کے مالک جمیل بیگ کے مطابق ’ہم نے سنا ہے کہ فلم اے دل ہے مشکل ہندوستان میں ریلیز کی جارہی ہے، لیکن ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ اس فلم کو یہاں ریلیز کیا جائے گا کہ نہیں‘۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں ماہ 28 تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی، جس میں رنبیر کپور، انوشکا شرما، ایشوریا رائے بچن اور فواد خان شامل ہیں۔

Read Comments