Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2016 02:32pm

جعلی شناختی کارڈ: افغان 'مونا لیزا' پشاور سے گرفتار

پشاور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل کو پشاور سے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شربت گل کو جعلسازی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔

شربت گل ایف آئی اے کی حراست میں موجود ہیں—۔

ذرائع کے مطابق شربت گل پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 420 اور انسداد کرپشن کی دفعہ 5 (2) کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ شربت گل دوہری شہریت کی حامل تھی اور ایف آئی اے نے اس کا پاکستانی اور افغان شناختی کارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ شربت گل کو شناختی کارڈ جاری کرنے والا افسر آج کل کسٹم میں بحیثیت ڈپٹی کمشنر کام کر رہا ہے اور اس نے اس کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی ہے۔

مزید پڑھیں:مشہور افغان خاتون کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف

اس سے قبل رواں ماہ 21 اکتوبر کو ایف آئی اے نے شربت گل کو غیرقانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 3 ڈپٹی ڈائریکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے افغان خاتون شربت گل کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزامات کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 409، 419، 420، 468، 471 اور 109 شامل کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:افغان 'مونالیزا' کوشناختی کارڈ جاری کرنیوالے افسران کےخلاف مقدمہ

یاد رہے کہ گذشتہ برس فروری میں اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ نادرا نے افغان خاتون شربت گل عرف شربت بی بی سمیت تین افغان مہاجرین کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کردیئے۔

شربت گل—۔

نادرا کے حیات آباد آفس کے ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ اعلیٰ افسران نے قواعد و قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغان شہری رحمت گل کی 46 سالہ بیوی شربت گل یا شربت بی بی کے ساتھ ساتھ ان کے 2 بیٹوں رؤف خان اور ولی خان کے لیے گزشتہ سال ایک ہی دن شناختی کارڈ جاری کیے تھے۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ افغان مہاجرین پاکستان میں پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) حاصل کرسکتے ہیں تاہم انھیں شناختی کارڈ جاری کرنا غیر قانونی ہے۔

شربت بی بی 1984 میں افغان جنگ کے دوران اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوئی تھیں اور انھوں نے ناصر باغ مہاجر کیمپ میں رہائش اختیار کی تھی۔

اپنی سبز آنکھوں کی وجہ سے شربت بی بی پہلی مرتبہ اس وقت مشہور ہوئیں جب 2002 میں نیشنل جیو گرافک چینل نے ان پر دستاویزی فلم بنائی جس کے بعد وہ افغان جنگ کی 'مونالیزا' کے نام سے مشہور ہو ئیں۔

Read Comments