Dawn News Television

شائع 27 اکتوبر 2016 09:20am

دنیا کے امیر ترین شخص کے بچوں کو کیا ملے گا؟

مائیکرو سافٹ کے بانی اور 81.7 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اپنے بچوں کے لیے ترکے میں کچھ بھی نہ چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے لندن میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا 'ہمارے بچوں کو اچھی تعلیم ملی ہے اور کچھ دولت بھی انہیں دی جائے گی مگر انہیں اپنے پیروں پر خود کھڑا ہونا ہوگا'۔

60 سالہ بل گیٹس نے کہا کہ ان کی دولت کا بڑا حصہ ملنے پر ہوسکتا ہے کہ ان کے بچے زندگی میں کچھ کرنے سے کترانے لگیں۔

انہوں نے مزید کہا 'میری دولت غریب افراد کی مدد میں کام آئے گی جبکہ میرے بچے بھی سمجھتے ہیں کہ میری دولت بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کو کیوں دی جارہی ہے اور انہوں نے اس کے کچھ پراجیکٹس میں حصہ بھی لیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا 'ہم اپنے بچوں کے لیے ترکے میں بہت کم اثاثے چھوڑ کر جائیں گے'۔

بل گیٹس اس شو میں اپنی نئی مہم یوتھ گرینڈ چیلنجز کو فروغ دینے کے لیے شریک ہوئے تھے جس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کے اندر سائنس اور ٹیکنالوجی سیکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اس مہم کے تحت 11 سے 19 سال کے نوجوانوں کو بتایا جائے گا کہ سائنس کس طرح عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

Read Comments