Dawn News Television

شائع 27 اکتوبر 2016 06:08pm

مرسڈیز کا پہلا پک اپ ٹرک متعارف

مرسڈیز بینز کو عام طور پر لگژری گاڑیوں اور ایس یو وی کے حوالے سے جانا جاتا ہے تاہم اس نے گزشتہ دنوں اپنا پہلا پک اپ ٹرک ایکس کلاس متعارف کرایا ہے۔

یہ مرسڈیز کا پہلا ڈبل کیبن پک اپ ٹرک ہے اور یقیناً ٹویوٹا کی ڈبل کیبن گاڑی کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ ٹرک دو ماڈلز میں پیش کیا گیا جس میں سے ایک کو اسٹائلش ایکسپلورر اور دوسرے کو پاور فل ایڈونچرر کا نام دیا گیا ہے۔

یقیناً اس میں مرسڈیز بینز کی تمام تر خصوصیات ہیں مگر کچھ مختلف فیچرز بھی ہیں جیسے پاور فل ایڈونچرر کو پہاڑی علاقوں کے حوالے سے بنایا گیا ہے اور وہیل آرچرز کو اضافی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

اس کے مطابق اسٹائلش ایکسپلورر کسی حد تک ایس یو وی جیسا تاثر پیش کرتا ہے جبکہ دونوں میںکسی اسمارٹ فون جیسا ٹچ اسکرین ڈسپلے دیا گیا ہے تاکہ ڈرائیور کو معاونت فراہم کی جاسکے۔

فوٹو بشکریہ مرسڈیز

جرمن کمپنی کا کہنا ہے کہ اب ایسی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کو مکینیکل ورک ہارس کی مزید ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ یہ گاڑی نجی اور کمرشل دونوں مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

اس گاڑی میں ساڑھے تین ٹن کا وزن ٹو کرنے جبکہ 1.1 ٹن کا وزن لوڈ کرنے کی صلاحیت رکھی گئی ہے۔

یہ گاڑی اگلے سال کی تیسری یا چوتھی سہ ماہی میں دنیا کے مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور اس قیمت بھی اسی وقت سامنے آئے گی۔

Read Comments