Dawn News Television

شائع 28 اکتوبر 2016 11:54pm

نئی ہولی وڈ فلم میں پاکستان کو کیسے پیش کیا جارہا ہے؟

ہولی وڈ میں اکثر پاکستان کو دہشتگردوں کے پناہ گاہ ملک کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور اب ایک اور فلم میں کچھ ایسا ہی پیش کیے جانے والا ہے۔

جی ہاں معروف اسٹار نکولس کیج 'آرمی آف ون' نامی فلم میں پاکستان میں اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے والے ایک سنکی امریکی کا کردار ادا کرنے والے ہیں۔

یہ فلم ایک حقیقی کردار گیری فالکنر سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے جو چند سال پہلے پاکستان میں آکر اسامہ بن لادن کو تلاش کرتا رہا تھا جس کو بعد ازاں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

اس پر ڈائریکٹر لیری چارلس نے فلم بنائی ہے اور نکولس کیج نے گیری فالکنر کا کردار ادا کیا ہے جس کے ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان کو انتہائی خراب انداز سے پیش کیا جا رہا ہے۔

جس کا اندازہ آپ نیچے موجود ٹریلر کو دیکھ کر لگا سکتے ہیں۔

فلم کے ٹریلر کے مطابق گیری فالکنر ایسا شخص ہے جس کی زندگی کا کوئی مقصد نہیں ہوتا اور خدا کے حکم پر وہ پاکستان میں اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے آجاتا ہے۔

پاکستان آکر بھی یہ کردار انتہائی مضحکہ خیز حرکات کرتا ہے جبکہ پاکستانیوں کو اس کے رنگ میں رنگا دکھایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی شوٹنگ پاکستان کی بجائے مراکش میں ہوئی ہے۔

یہ فلم چار نومبر کو سنگا پور میں ریلیز کی جارہی ہے جس کے بعد دیگر ممالک میں اسے پیش کیا جائے گا۔

Read Comments