فیفا کا مذہبی نعروں پر ایران فٹ بال فیڈریشن پرجرمانہ
فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) نے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں مذہبی نعرے لگانے پر ایران کی فٹ بال فیڈریشن پر جرمانہ عائد کردیا۔
ایران یوم عاشور کے دوران تہران میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں جنوبی کوریا کو 0-1 سے شکست دی تھی جہاں آزادی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ کے قریب تماشائی موجود تھے۔
بی بی سی اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق فیفا نے 'مذہبی نعرے لگانے پر' 37 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی تماشائیوں کو یاحسین کے نعروں کی ہدایت
گزشتہ ماہ ایران نے یوم عاشور پر جنوبی کوریا کے خلاف ورلڈ کپ 2018 کے کوالیفائرمیچ میں تماشائیوں کو جشن کے اظہار پر پابندی عائد کرتے ہوئے یاحسین کے نعرے لگانے اور میدان کو سیاہ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
فیفا نے میچوں کے دوران سیاسی، مذہبی اور تجارتی پیغامات دینے کی پابندی عائد کررکھی ہے۔
فیفا نے کروشیا اور کوسوو فٹ بال فیڈریشنز کے مداحوں کی جانب سے 6 اکتوبر کو ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں سربیا کے خلاف نعرے لگانے پر بھی جرمانہ عائد کردیا۔
واضح رہے کہ سربیا نے 2008 میں آزادی حاصل کرنے والے کوسوو کی فیفا کی رکنیت کی مخالفت کی تھی۔
فیفا نے کروشیا پر 41 ہزار پاؤنڈ اور کوسوو پر 25 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا ہے،مذکورہ میچ میں کروشیا نے 0-6 سے کامیابی سمیٹی تھی۔
دوسری جانب فیفا نے ایسٹررائزنگ کی 100ویں برسی کی مناسبت سے لوگو استعمال کرنے پر جمہوریہ آئرلینڈ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
جہموریہ آئرلینڈ کے کھلاڑیوں نے رواں سال مارچ میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف دوستانہ میچ میں اپنی جرسی پر 1916-2016 کا سال تحریر کیا ہواتھا۔
ایسٹررائزگ برٹش حکمرانی کے خلاف ایک مسلح بغاوت تھی جو 26 اپریل 1916 کو شروع ہوئی تھی اور 24 سے 29 اپریل میں اس کے سو سال مکمل ہوئے۔
بی بی سی کے مطابق جمہوریہ آئرلینڈ کے خلاف جرمانہ ہوگا جبکہ فیفا کے ترجمان نے بھی سماعت کی تصدیق کی ہے۔