☰
فیس بک کی بجائے اس ایپ کو استعمال کیا؟
فیس بک اس وقت جس ایپ سے خوفزدہ ہے وہ اسنیپ چیٹ ہے جس کی خاصیت اس کے دلچسپ فلٹرز ہیں جو آپ کے چہرے کو کبھی فلاور پرنسز یا رینبو ٹپکانے والے میں بدل دیتے ہیں۔
اب تک یہ فیچر صرف فرنٹ کیمرے میں کام کرتا تھا اور چہروں پر ہی کارآمد تھا مگر اب کمپنی نے ایسی اپ ڈیٹ کردی ہے جو دیگر تمام ایپس کے ہوش اڑا دے گی۔
آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسنیپ چیٹ نے یہ زبردست گرافکس بیک کیمرے کے لیے بھی متعارف کرا دیئے ہیں اور اب چہروں کی بجائے اپنے ارگرد موجود کسی بھی چیز کو عجیب و غریب بنایا جاسکتا ہے۔
اس فیچر کو ورلڈ لینسز کا نام دیا گیا ہے اور یہ اس وقت متحرک ہوتا ہے جب آپ بیک کیمرے کو چلا کر اسکرین پر کسی بھی چیز کو کلک کرتے ہیں۔
اب تک 7 آپشنز صارفین کے لیے دستیاب ہیں جن میں تین تو امریکی انتخابات کے حوالے سے ہیں جبکہ ایک رینبو برسانے والا بادل ہے۔