Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2016 02:30pm

تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا کی تدفین

چنائی: ہندوستانی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد معروف سیاستدان اور اداکارہ وزیراعلیٰ جیارام جے للیتا چل بسیں۔

قبل ازیں جے للیتا کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ہزاروں افراد کے جمع ہونے کے بعد ہسپتال کے باہر پولیس کو الرٹ کردیا گیا تھا۔

ریاست میں لوگوں کے لیے بھگوان کا درجہ رکھنی والی 68 سالہ سابق فلم اسٹار اور وزیراعلیٰ جیارام جے للیتا عارضہ قلب کے باعث چنائی کے اپولو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) وارڈ میں زیرعلاج تھیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چنائی کے نجی ہسپتال اپولو میں وزیراعلیٰ جے للیتا کو داخل کرائے جانے کے بعد ہسپتال کے باہر جمع ہونے والے ہزاروں مداحوں نے جے للیتا کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور اشک بار ہوگئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق جے للیتا کی طبیعت میں خرابی کے بعد پولیس نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہسپتال کے باہر ایک ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا جب کہ شہر کے کئی اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ جے للیتا کی جانب سے ریاست میں ’اماں کینٹین‘ کے نام سے غریب افراد کو 3 روپے میں کھانا فراہم کرنے والی اسکیم سے ووٹرز کے دلوں میں ان کے لیے عزت بڑھی۔

واضح رہے کہ انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جے للیتا کی چتا کو ہندو مذہب کی رسم کے مطابق جلایا نہیں گیا بلکہ انھیں چنائی میں دفن کردیا گیا جہاں ان کو خراج عیقدت پیش کرنے کیلئے مقبرہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔

Read Comments